کولمبو۔6نومبر (اے پی پی):سری لنکا نے کورونا وائرس کی وجہ سے لنکا پریمیئر لیگ کا انعقاد موخر کردیا‘ پریمیئر لیگ 21نومبر کی بجائے 27 نومبر کو شروع ہوگی‘ لیگ کے انعقاد کے مقامات کی تعداد بھی تین کی بجائے ایک کردی گئی۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پریمیئر لیگ کا انعقاد 21 نومبر سے ہونا تھا تاہم اب ایونٹ کو مزید 6 دن آگے بڑھا دیا گیا ہے۔ لنکا پریمیئر لیگ کے 23 میچوں میں شاہدآفریدی‘ کرس گیل، فاف ڈوپلیسی اور کارلوس بریتھ ویٹ سمیت دیگر نامور کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ سری لنکا بورڈ نے کہا کہ پریمیئر لیگ 27 نومبر سے شروع ہوگی اور فائنل میچ 17 دسمبر کو ہوگا۔ لیگ کے تمام میچ ہمبن ٹوٹا میں کھیلے جائیں گے۔ تمام میچ خالی سٹیڈیم میں کرائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ لنکا پریمیئر لیگ اگست 2020ءکو ہونی تھی تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے لیگ کو پہلے 14 نومبر تک ملتوی کیا گیا اور پھر 21 نومبر تک موخر کیا گیا تھا۔ سری لنکا آفیشلز نے کہا کہ صحت کے ادارے نے کھلاڑیوں کے لئے سات دن اور سپورٹ سٹاف کے لئے 14 دن قرنطینہ پر زور دیا ہے۔