سری لنکا کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ سی پیک سے فائدہ اٹھائے، پاکستان اور سری لنکا مل کر ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں ،وزیراعظم عمران خان کی میڈیا سے بات چیت

85
وزیراعظم عمران خان کے اعزا ز میں سری لنکن پارلیمنٹ کے سپیکر اور سری لنکن وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان کا ظہرانہ
وزیراعظم عمران خان کے اعزا ز میں سری لنکن پارلیمنٹ کے سپیکر اور سری لنکن وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان کا ظہرانہ

کولمبو۔23فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک کا اہم حصہ ہے، سری لنکا کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ سی پیک سے فائدہ اٹھائے، پاکستان اور سری لنکا کو دہشت گردی سمیت ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان اور سری لنکا مل کر ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں جبکہ سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجہ پاکسے نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار ترقی کیلئے کردار ادا کرنے پر دونوں ممالک کے درمیان اتفاق ہوا ہے۔

منگل کو وزیراعظم پاکستان کے دورہ سری لنکا کے موقع پر وزیراعظم مہندا راجہ پاکسے سے ملاقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سری لنکن ہم منصب کی جانب سے دورہ کی دعوت اور شاندار میزبانی پر ان کے شکر گزار ہیں، میں نے سری لنکا کا پہلا دورہ اس وقت کیا جب میں نے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا، سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ سٹیٹس دینے کیلئے کردار آج بھی یاد ہے، پاکستان میں کرکٹ ورلڈ کپ میں سری لنکا کی تاریخی کامیابی بھی یاد ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کو ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جس سے مل کر نمٹا جا سکتا ہے، پاکستان نے 10 سال بدترین دہشت گردی کا سامنا کیا، اس دوران 70 ہزار جانیں ضائع ہوئیں، اسی طرح سری لنکا کو بھی کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا سامنا ہے، سری لنکا نے سیاحت کے شعبہ سے ترقی کی تاہم دہشت گردی اور امن و امان کی وجہ سے سیاحت بھی متاثر ہوئی، پاکستان میں بھی دہشت گردی کی وجہ سے سیاحت کا شعبہ متاثر ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چینی صدر کے ون بیلٹ پروگرام کا حصہ ہے، سی پیک فلیگ شپ پروگرام ہے جوعلاقائی روابط کیلئے انتہائی اہم ہے، سی پیک سے وسط ایشیا اور سری لنکا بھی منسلک ہو سکتے ہیں، سری لنکا مستقبل میں سی پیک کے ذریعے وسط ایشیا سے روابط کا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سری لنکن ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے دوران مشترکہ مسائل، کورونا کی صورتحال، اس کے ترقی پذیر اور غریب ممالک پر اثرات پر بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے سب سے زیادہ غریب متاثر ہوا، پاکستان نے 8 ارب ڈالر کا تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج دیا جبکہ اس کے مقابلہ میں امریکہ نے 3 ہزار ارب ڈالر کا پیکیج دیا، کورونا وائرس نے دنیا میں اس تفریق کو بھی بے نقاب کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بہتر حکمت عملی سے کورونا کو شکست دی۔

انہوں نے اس موقع پر سری لنکن ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بدھ مت تہذیب کا بڑا مرکز ہے، یہاں بدھا کے مجسمے ہیں، گندھارا تہذیب ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے بدھسٹ ٹرین شروع کریں گے، سری لنکا کے سیاحوں کو بھی دورے کی دعوت دیتے ہیں۔ اس موقع پر سری لنکا کے وزیراعظم نے عمران خان کے دورہ سری لنکا پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوںملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، سیاحت اور ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار ترقی کیلئے کردار ادا کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔