سری لنکا کی آل سائکلون جمعیت العلما کا وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی ومشرق وسطی حافظ طاہر اشرفی کو خط، سیالکوٹ واقعہ کی مذمت پر پاکستان کے تمام علمائے کرام اور مذہبی رہنمائوں کاشکریہ ادا کیا

88

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):سری لنکا کی آل سائکلون جمعیت العلما (کونسل آف اسلامی مذہبی سکالرز) نے سیالکوٹ کے واقعہ سے مشترکہ طور پر نمٹنے پر پاکستانی علمائے کرام کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور مشرق وسطی و چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو تعریفی خط لکھا ہے۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سری لنکا کی آل سائکلون جمعیت العلما (کونسل آف اسلامی مذہبی سکالرز) کا وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور مشرق وسطی و چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو لکھے گئے تعریفی خط میں سیالکوٹ واقعہ کی مذمت کرنے پر پاکستان کے تمام علمائے کرام اور تمام مذہبی رہنمائوں کاشکریہ ادا کیا ہے۔

سری لنکن کونسل آف اسلامک ریلیجیئس اسکالرز، آل سیلون جمعیت العلما (اے سی جے یو) نے سیالکوٹ واقعے کی مذمت اور سری لنکن قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار کرنے پر پاکستانی علمائے کرام کے کردار کو بھی سراہا ہے۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور مشرق وسطی اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی کے نام لکھے گئے خط میں اے سی جے یو کے صدر مفتی ایم آئی ایم رضوی اور جنرل سیکرٹری الشیخ ایم اکرم نورمیت نے کہا ہے کہ ”آپ نے بذات خود، پاکستان کے دیگر علمائے کرام اور تمام مذہبی رہنماں نے سیالکوٹ میں سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کے غیر انسانی قتل کی مذمت کی اور امن و انصاف کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا”۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں آپ کی قیادت میں تمام مذاہب اور مذہبی مکاتب فکر کے رہنماں کے مشترکہ اجلاس کے بارے میں معلوم ہوا ہے جس میں اس واقعہ کی مذمت کی گئی اور اسے وحشیانہ، مہلک اور سفاکانہ قرار دیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت پاکستان مذہبی رہنمائوں کی رہنمائی میں امن، ہمدردی، انسانیت اور انصاف کو فروغ دے کر اسلامی تعلیمات کی مثال قائم کرے گی۔