گال۔20جون (اے پی پی):سری لنکا کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف گال ٹیسٹ کے چوتھے روز اپنی پہلی اننگز میں 485 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے 10 رنز خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ کمنڈو مینڈس نے 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ میلان رتھانائیکے 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے نعیم حسن نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ حسن محمود نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش نے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنا لیے ہیں اور اسے 187 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ شادمان اسلام 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے جبکہ کپتان نجم الحسن شانتو 56 اور تجربہ کار بیٹر مشفق الرحیم 22 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے پرابتھ جے سوریا، تھرندو رتھانائیکے اور میلان رتھانائیکے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔