سری لنکا کے حکومتی افسران کے وفد کی پاکستان روانگی سے قبل کولمبو میں پاکستانی ہائی کمشنر سے گفتگو

77

اسلام آباد ۔ 14 جنوری (اے پی پی) سری لنکا کی سول سروس کے افسران کا بارہ رکنی وفد اپنے دورہ پاکستان پاکستان میں مختلف حکومتی اداروں اورسیاحتی مقامات کی سیر کرے گا۔14تا 21 جنوری اس دورے کا اہتمام سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشن نے پاکستان نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے تعاون سے کیاہے۔پاکستان روانگی سے قبل وفد میں شامل حکومتی افسران نے کولمبو میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) شاہد احمد حشمت سے ملاقات کی۔ پاکستان کے ہائی کمشنر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس دورے سے سری لنکاءکے افسران کو پاکستان کے سول سروس کے ڈھانچے اورپالیسی سازی کے عمل کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے دوروں سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ ملے گا بلکہ دونوں ممالک کے سول افسران کے مابین رابطے بڑھیں گے ۔سری لنکا ءکے افسران اس دورے کے دوران حکومتی اداروں کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ لاہور اورٹیکسلاءمیوزیم کی سیر اورمختلف تعلیمی اداروں میں بھی جائیں گے۔وفد کے اراکین واہگہ بارڈر پر پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کریں گے ۔ وفد کے اراکین پاکستان میں قیام کے دوران مختلف حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔