سری لنکا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے قومی خواتین سکواڈز کا اعلان

45
پی سی بی کے زیر اہتمام پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کا چھٹا رائونڈ 7 فروری سے شروع ہو گا

لاہور۔18مئی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے سری لنکا کے خلاف 24 مئی سے شروع ہونے والی وائٹ بال سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ سکواڈز کااعلان کردیا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر گل فیروزہ اور لیگ سپنر طوبہ حسن کو قومی خواتین ٹی 20ی انٹرنیشنل سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ملتان اور لاہور سے تعلق رکھنے والی بالترتیب گل فیروزہ اور صدف شمس کو 15 رکنی قومی خواتین ایک روزہ سکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔پی سی بی ترجمان کے مطابق سیریز میں شامل تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز 24، 26 اور 28 مئی کو کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، 3اور 5جون کو کھیلے جائیں گے۔ویمنز چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ اور کپتان بسمہ معروف سے مشاورت کے بعد دونوں سکواڈز کا انتخاب کیا۔

انہوں نے 9 مئی سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری پری سیریز کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے بعد سکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔کپتان بسمہ معروف، فاطمہ ثنا، عالیہ ریاض اور ڈیانا بیگ بھی دبئی میں فیئر بریک انٹرنیشنل ٹی 20ایونٹ میں شرکت کے بعد کراچی پہنچ گئی ہیں۔

یہ چاروں کھلاڑی 21 مئی سے سکواڈ کو جوائن کریں گی۔سری لنکا کے خلاف لگایا جانے والا پری سیریز کیمپ آج مکمل ہوجائے گا۔ چیف سلیکٹر ویمنز کرکٹ اسماویہ اقبال نے قومی خواتین ٹی20اور ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ ز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گل فیروزہ، صدف شمس اور طوبہ حسن مستقبل میں بھی ویمنز کرکٹ میں بہترین اضافہ ثابت ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

ان تینوں کھلاڑیوں نے دسمبر میں منعقدہ ایمرجنگ کیمپ کے دوران بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا، لہذا ان کے انٹرنیشنل کرکٹ میں داخلے کے لیے یہ موزوں وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ طوبہ حسن کو حالیہ ورلڈکپ میں بحیثیت ریزرو کھلاڑی بھیجا گیا تھا، وہ ایک اچھی سپنر ہیں جو پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے بائولنگ ڈیپارٹمنٹ کو مزید تقویت بخشیں گی۔انہوں نے کہا کہ گل فیروزہ اور صدف شمس کے کھیل میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

اسماویہ اقبال نے کہا کہ سکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے لیے پری سیریز کیمپ کے دوران ٹی 20 اور 50اوورز کے متعدد پریکٹس میچز کھیلے گئے، جس کی بنیاد پر ون ڈے اور ٹی 20انٹرنیشنل سکواڈز کا انتخاب کیا گیا۔وہ پرامید ہیں کہ دونوں ممالک کے مابین سیریز میں بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔