سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کا آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے ملاقات میں پاکستان کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا ،وزیراعظم محمد شہباز شریف

149
وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے سے بات کرکے خوشی ہوئی، جس میں عالمی مالیاتی فنڈ کی ایم ڈی کے ساتھ ملاقات کے دوران پاکستان کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان اور سری لنکا قریبی اتحادی اور دوست رہے ہیں اور ہر حال میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔

پیر کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ کئی دہائیوں سے پاکستان اور سری لنکا قریبی اتحادی اور دوست رہے ہیں، مجھے یاد ہے کہ کس طرح سری لنکا کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ڈینگی وباء سے نمٹنے میں پنجاب حکومت کی مدد کی، اس وقت اس وباء سے لاہور میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی تھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے دوطرفہ تعلقات دونوں ممالک کے درمیان نیک نیتی اور اچھی ہمسائیگی پر مبنی ہیں، اپنے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے میں سری لنکن صدر کے ساتھ مل کر کام کرنے کا متمنی ہوں۔