سری لنکن وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے سے پاکستانی ہائی کمشنرمیجر جنرل (ر)ڈاکٹر شاہد احمد حشمت کی ملاقات

76
پاکستان سری لنکا

اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی)سری لنکا کے وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین کشیدگی میں کمی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کا کردار قابل تحسین ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کے ہائی کمشنرمیجر جنرل (ر)ڈاکٹر شاہد احمد حشمت سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو کولمبو میں ان سے ملاقات کی۔ہائی کمشنر نے سری لنکن وزیر اعظم کو پلوامہ واقعے کے بعد علاقائی سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے بریف کیا اور انہیں خطے میں امن و استحکام اور تمام تصفیہ طلب معاملات بامعنی مذاکرات کے زریعے حل کرنے کی پاکستان کی خواہش سے آگاہ کیا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کے حل کیلئے دونوں ملکوں کے مابین بین الاقوامی تعاون کی بھر پور حوصلہ افزائی کریگا۔سری لنکا کے وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا پاکستان اور بھارت کے مابین صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے مابین کشیدگی میں اضافہ نہیں ہونا چاہیئے۔انہوں نے توقع ظاہر کی دونوں ممالک بامعنی مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل حل کرینگے جس سے خطے میں امن و استحکام میں اضافہ ہو گا۔