سیالکوٹ۔9مارچ (اے پی پی):تحریک پاکستان کے عظیم رہنما سر سیّد احمد خاں کی127ویں برسی 27مارچ کو منائی جائے گی، مسلم نشاط ثانیہ کے علمبردار سر سیّد احمد خاں 1817ء میں دہلی میں پیدا ہوئے ، وہ انیسویں صدی کے ایک عظیم رہبر تھے ، انہوں نے بھارتی مسلمانوں کوباعزت قوم بنانے کیلئے سخت جدوجہد کی ، سر سیّد احمد خاں کی پوری زندگی قوم کی خدمت کرتے گزری ، وہ ایک بلند پایہ مفکر،مصنف اور جلیل القد رہنما تھے۔
سر سیّد احمد خاں نے اپنی ادبی تخلیقات سے مسلمانان ہند میں ایک عظیم انقلاب برپا کیا اسی وجہ سے علی گڑھ تحریک کی بنیاد پڑی۔سر سیّد احمد خاں نے ادبی خدمات کیلئے1857ء میں محمڈن اینگلو اورینٹل کالج کی بنیاد رکھی جسے1920ء میں یونیورسٹی کا درجہ ملا اور آج اسے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی حیثیت سے عالمی شہرت حاصل ہے۔
سر سیّد ایک بلند پایہ مبلغ تھے ، انہوں نے قرآن پاک کی تفسیربھی لکھی لیکن اسے پایہ تکمیل تک نہ پہنچا سکے۔سر سیّد احمد خاں کا قوم پر اتنا بڑا احسان ہے کہ بر صغیر کے مسلمانوں میں آج جو تعلیم عام نظر آتی ہے اس کی داغ بیل سر سیّد احمد خاں نے ہی ڈالی۔محسن قوم و ملت سر سیّد احمد خاں کا انتقال 27 مارچ 1898ء کو علی گڑھ میں ہوا اور انہیں وہیں پر دفن کیا گیا ۔