مکہ ۔ 28 مئی (اے پی پی) سعودہ فرمانروا شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے انتہا پسندی کے خلاف بھر پور عزم کے ساتھ اور فیصلہ کن انداز میں جنگ لڑی ہے۔ یہ بات مسلم ورلڈ لیگ کانفرنس سے معتدل اسلام کے موضوع پر ان کے خطاب میں کہی گئی جو گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے پڑھ کر سنایا۔شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں نسلی تعصب اور غیر ملکیوں سے نفرت کے خاتمہ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی مملکت نے انتہا پسندی، تشدد اور دہشت گردی کی ہرصورت کی سختی سے مذمت کی ہے اور ان کے خلاف نظریے اور عزم کے ساتھ اور فیصلہ کن انداز میں جنگ لڑی ہے۔سعودی عرب امن اور مل جل کر رہنے کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے اور اس نے ان اصولوں کو فروغ دینے کے لئے بین الاقوامی سطح پر پلیٹ فارمز اور مراکز قائم کئے ہیں۔دنیا کو اس وقت کسی رول ماڈل کی شدت سے ضرورت ہے اور مسلمان اس ضرورت کو پورا کرتے ہوئے دنیا بھر میں اعلیٰ اقدار کے فروغ میں معاونت کر سکتے ہیں۔چار روزہ کانفرنس میں اسلامی تاریخ اور فقہی ورثے میں اعتدال پسندی جیسے موضوعات پر اظہار خیال کیا جائے گا۔مسلم نوجوانوں میں اعتدال پسندی کا فروغ ، اعتدال پسندی اور مہذب مکالمے کا فروغ، کثیر مذہبی معاشرے، معاصر بین الاقوابی تعلقات میں مشترکہ اقدار اور ثقافتی ابلاغ بھی کانفرنس کے موضوعات میں شامل ہے۔اس کانفرنس میں اسلامی دنیا کی ممتاز شخصیات ، وزرائ، ماہرین ، علماء اور اعلیٰ حکومتی عہدے دار شریک ہیں۔