سعودی، ملائیشیا رابطہ کونسل کا پہلا اجلاس، مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط

132
Saudi-Malaysia Liaison Council
Saudi-Malaysia Liaison Council

ریاض۔11دسمبر (اے پی پی):سعودی، ملائیشیا رابطہ کونسل کا پہلا اجلاس ریاض میں وزارت خارجہ کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوا ۔اردو نیوز کے مطابق اجلاس کی صدارت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ملائیشیا کے ہم منصب داتو سیری اوتاما محمد حسن نے مشترکہ طور پر کی۔ اجلاس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں رابطوں اور تعاون کا فروغ ہے۔سیاست، سکیورٹی، دفاع، توانائی، معیشت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت کئی شعبوں پر بات کی گئی۔

اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا جائزہ، دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں میں مشترکہ تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔مشترکہ تشویش کے دوطرفہ، علاقائی وبین الاقوامی امور پر مشترکہ موقف کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔دونوں ممالک نے تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

بعدازاں مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ سفارتی، خصوصی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کےلیے مختصر قیام کے ویزے سے استثنا سے متعلق معاہدے پر دونوں وزرائے خارجہ نے دستخط کیے۔جبکہ سماجی ترقی سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔سعودی نائب وزیر برائے افرادی قوت اور ملائیشیا کے وزیر خارجہ نے دستخط کئے۔