سعودی آرامکو کی خام تیل پیداوار پرانی سطح پر بحال

82

ریاض۔ 26 ستمبر (اے پی پی) سعودی عرب نے آرامکو کی تنصیبات پر حملوں کے گیارہ روز بعد اپنی تیل کی پیداوار کو پہلے کی سطح پر بحال کر لیا ۔ سعودی آرامکو کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ خریص فیلڈ سے خام تیل کی پیداوار تیرہ لاکھ بیرل یومیہ ہوگئی ہے اور بقیق فیلڈ سے بحالی کے بعد خام تیل کی 49 لاکھ بیرل یومیہ پیداوار حاصل ہونا شروع ہوگئی ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے 18 ستمبر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ اس ماہ تمام صارفین کو تیل کی مکمل رسد جاری رکھی جائے گی اور ستمبر کے آخر تک خام تیل کی یومیہ پیداوار بڑھ کر ایک کروڑ دس لاکھ بیرل ہوجائے گی۔واضح رہے کہ حوثی باغیوں نے سعودی آرامکو کی بقیق اور خریص میں واقع تیل تنصیبات پر 14 ستمبر کو حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی لیکن امریکہ اور سعودی عرب نے ایران پر ان حملوں کا الزام عائد کیا تھا۔