سعودی اسکالر پروفیسر احمد سعد الاَحمد کی پاکستانی قوم کو یوم آزادی پر مبارکباد

سعودی اسکالر پروفیسر احمد سعد الاَحمد نے مملکت سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کے عوام کو ملک کے 80ویں یوم آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ پروفیسر احمد سعد الاَحمد ایک معروف سعودی اسکالر ہیں اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر اور قائم مقام ریکٹر ہیں۔

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):سعودی اسکالر پروفیسر احمد سعد الاَحمد نے مملکت سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کے عوام کو ملک کے 80ویں یوم آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ پروفیسر احمد سعد الاَحمد ایک معروف سعودی اسکالر ہیں اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر اور قائم مقام ریکٹر ہیں۔

پروفیسر احمد سعد الاَحمد نے جمعہ کو یہاں جاری مبارکباد کے پیغام میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے گہرے رشتے کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس عقیدے پر قائم ہوا جو ہمیں آپس میں جوڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ اور ایمان کے رشتوں کا تصور پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر مکہ دفاعی معاہدے کے ذریعے اس تاریخی رشتے کو ایک بار پھر مزید مضبوط کیا گیا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایک مسلم قوم کی عزت اور حرمت سب مسلم اقوام کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں قیام کی وجہ سے ان کا پاکستانیوں سے ذاتی تعلق ہے، پاکستانی عوام ان صلاحیتوں سے مالا مال ہیں جو چند ہی دوسری قوموں کو حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس میں کوئی شک نہیں کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد دنیا کی بڑی یونیورسٹیوں میں نمایاں مقام حاصل کرے گی۔

انہوں نے یوم آزادی پر مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور امن کے لیے دعا کی۔بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے بھی یوم آزادی منانے کے لیے فیصل مسجد میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی۔