سعودی انویسٹمنٹ گروپ دلہ البرکہ کا حجاج کی بہتر خدمت کے لیے ٹرانسپورٹیشن اور ہاسپٹیلٹی کے شعبوں میں سٹریٹجک توسیع کا اعلان

جدہ۔13نومبر (اے پی پی):سعودی انویسٹمنٹ گروپ دلہ البرکہ نے حجاج کی بہتر خدمت کے لیے اپنے ٹرانسپورٹیشن اور ہاسپٹیلٹی کے شعبوں میں سٹریٹجک توسیع کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اعلان خادم حرمین الشر یفین سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سرپرستی میں وزارت حج و عمرہ کے زیر اہتمام کانفرنس کے سٹریٹجک اسپانسر کے طور پر گروپ کی شرکت کے موقع پر سامنے آیا۔دلہ البرکہ گروپ کے مہمان نوازی،مقامات …

جدہ۔13نومبر (اے پی پی):سعودی انویسٹمنٹ گروپ دلہ البرکہ نے حجاج کی بہتر خدمت کے لیے اپنے ٹرانسپورٹیشن اور ہاسپٹیلٹی کے شعبوں میں سٹریٹجک توسیع کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اعلان خادم حرمین الشر یفین سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سرپرستی میں وزارت حج و عمرہ کے زیر اہتمام کانفرنس کے سٹریٹجک اسپانسر کے طور پر گروپ کی شرکت کے موقع پر سامنے آیا۔دلہ البرکہ گروپ کے مہمان نوازی،مقامات مقدسہ ، اور ٹرانسپورٹیشن سروسز کے منیجنگ ڈائریکٹر لوئے عبداللطیف غراب نے اپنے آپریشنل نظام کو مسلسل بہتر بنا کر حجاج کی خدمت کے کمپنی کے دیرینہ عزم کو اجاگر کیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ گروپ نےدلہ حج ٹرانسپورٹ کمپنی کے بیڑے میں 2026 ماڈل کی 400 نئی بسیں شامل کی ہیں، یہ تمام جدید ،سمارٹ، آرام دہ اور حفاظتی ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔لوئے عبداللطیف غراب نے مزید کہا کہ اس توسیع کے ساتھ، دلہ البرکہ گروپ کے بیڑے میں شامل بسوں کی تعداد 1,250 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس سے حج اور عمرہ کے سیزن کے دوران نقل و حمل کی خدمات کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کی ہماری صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے جو عازمین کے سفر کو ایک غیر معمولی تجربہ بنا دے گا جو سعودی عرب کے وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہوگا۔

لوئے عبداللطیف غراب نے بتایا کہ ان کے گروپ نے مدینہ میں473 یونٹس پر مشتمل دلہ طیبہ ہوٹل کے لیے تزئین و آرائش کا ایک جامع منصوبہ شروع کیا ہے جو مسجد نبویﷺ سے صرف چند قدم کے فاصلے پر واقع ہے۔ ہم ہوٹل کو مہمان نوازی کے اعلی ترین بین الاقوامی معیار کے مطابق نئے سرے سے ڈیزائن کر رہے ہیں ۔ہم اسے مدینہ منورہ کے تقدس کو مد نظر رکھتے ہوئے عازمین کے لئے زیادہ سے زیادہ آرام دہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

لوئے عبداللطیف غراب نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدامات عازمین حج اور زائرین عمرہ کو خدمات کی فراہمی طرف دلہ البرکہ کی اسٹریٹجک سمت اور تکنیکی اور آپریشنل اختراعات میں سرمایہ کاری اور قومی ہنر کو بااختیار بنانے کے ذریعے حاجیوں کے مجموعی تجربے کو بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنا نقطہ نظر شیخ صالح کامل کی قائم کردہ وراثت سے اخذ کیا ہےجنہوں نے دو مقدس مساجد کی خدمت کے لیے خطیر رقم وقف کی ہے۔ لوئے عبداللطیف غراب نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دلہ البرکہ گرپ حج اور عمرہ خدمات کے ماحولیاتی نظام میں انضمام حاصل کرنے اور ضیوف الرحمٰن کی خدمت میں سعودی مملکت کی عالمی قیادت کو تقویت دینے والے سرمایہ کاری کے ایسے ماڈل پیش کرنے کے لیے حکومت اور نجی دونوں شعبوں کے ساتھ اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنے کے اقدامات جاری رکھے گا۔

مزید خبریں