سعودی آرامکو کمپنی کے سربراہ فوربس مڈل ایسٹ کے ٹاپ 100 سی ای اوز میں سرفہرست

145

واشنگٹن۔15اگست (اے پی پی):سعودی عرب کی آئل کمپنی( آرامکو )کے صدر اور سی ای او امین ناصر ایک مرتبہ پھرامریکی میگزین فوربس مڈل ایسٹ کی ٹاپ 100 سی ای اوز کی درجہ بندی میں سرفہرست ہیں۔ اردو نیوز کے مطابق امریکی میگزین فوربس مڈل ایسٹ کی جاری کردہ 2024 کی فہرست ایک متحرک اور متنوع لینڈ سکیپ کی عکاسی کرتی ہے جس میں 19 مختلف ممالک کے افراد شامل ہیں۔اس فہرست میں متحدہ عرب امارات 27 سی ای اوز کے ساتھ سرفہرست ہے، فہرست میں مصر کے 21 اور سعودی عرب کے 14 شہری شامل ہیں۔

ان تینوں ممالک کا فہرست میں حصہ 62 فیصد ہے۔ فوربس مڈل ایسٹ کی فہرست میں سعودی آرامکو کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر امین حسن الناصر سرفہرست ہیں، ان کے بعد ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) سلطان الجابر دوسرے اور ایمریٹس ایئرلائن اینڈ گروپ کے احمد بن سعید آل مکتوم تیسرے نمبر پر ہیں۔ فہرست میں قطر انرجی کے سعد بن شریدہ الکعبی چوتھے نمبر پر ہیں۔ انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی کے سید بصر شعیب نے رواں سال 4 درجے ترقی کی ہے وہ گزشتہ سال نویں پوزیشن پر تھے اور رواں سال پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔

کویت پیٹرولیم کارپوریشن کے نواف سعود الصباح چھٹے، دبئی پورٹس ورلڈ گروپ کے سلطان احمد بن سلیم ساتویں، نیشنل بینک آف کویت کے عصام جاسم الصقر آٹھویں، ای اینڈ گروپ مصر کے حاتم دویدار نویں جبکہ کیو این بی گروپ کے عبداللہ مبارک آل خلیفہ دسویں نمبر پرہیں۔ یہ تمام افراد مختلف بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز، ریئل سٹیٹ یا بینکنگ سیکٹر سے تعلق رکھتے ہیں۔ بینکنگ سیکڑ اس فہرست میں 19 سی اوز کے ساتھ نمایاں ہے جبکہ اس فہرست میں رئیل سٹیٹ سیکٹر نے 10 اور ٹیلی کمیونیکشن نے 9 سی اوز کے ساتھ اپنی شناخت بنائی ہے۔