اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):سعودی ایئر لائن فلائی ادیل نے پاکستان کے لئے اپنی باقاعدہ پروازوں میں اضافہ کرتے ہوئے پشاور اور اسلام آباد کے لئے بھی پروازیں شروع کردیں۔ پیر کو پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر 25 اگست 2025 کو افتتاحی پرواز کا خیرمقدم کیا گیا۔
اس موقع پر مینزیس آر اے ایس کی جانب سے انٹرنیشنل ڈپارچر لاؤنج میں سی آئی پی لاؤنج کے سامنے کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جو صبح 05:05 سے 05:25 تک جاری رہی۔ تقریب میں پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی ۔ ایئرپورٹ سکیورٹی فورس اور مینزیس آر اے ایس کے حکام نے شرکت کی۔
فلائی اڈیل اب ہر ہفتے پیر اور بدھ کو ریاض سے پشاور کے لئے دو پروازیں چلائے گی۔اس سے قبل، گزشتہ روز فلائی اڈیل کی افتتاحی پرواز FAD 651/652 اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری۔ یہ پرواز ریاض سے صبح 06:08 پر 65 مسافروں کے ساتھ پہنچی اور آمد پر اسے روایتی واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا۔ واپسی کی پرواز 07:33 پر 172 مسافروں کے ساتھ روانہ ہوئی۔
فلائی ادیل اب ہر اتوار کو ریاض ۔ اسلام آباد ۔ ریاض کے درمیان ہفتہ وار پرواز چلائے گی۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے فلائی اڈیل کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پشاور اور اسلام آباد کے لئے ان پروازوں سے فضائی روابط مزید مضبوط ہوں گے، مسافروں کو سہولت ملے گی اور پاکستان و سعودی عرب کے تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔