لندن ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) سعودی عرب کی قومی آئل کمپنی آرامکو کی آئل تنصیبات پر ڈورن حملے اور اس کے نتیجے میں تیل کی پیداوار میں کمی سے عالمی سپلائی میں 5 فیصد کمی اور نرخوں میں 15 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز سعودی آرامکو کی دوبڑی آئل تنصیبات پر ڈرون حملے کے نتیجے میں ملکی پیداوار نصف سے زیادہ کم ہوگئی جبکہ اس سے عالمی سپلائی میں 5 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔پیر کے روز ابتدائی تجارتی سرگرمیوں کے دوران برنٹ نارتھ سی کروڈ کے نرخ 19 فیصد بڑھ کر 71.95 ڈالر فی بیرل جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے سودے 15 فیصد اضافے کے ساتھ 63.34 ڈالرفی بیرل طے پائے۔ادھر سعودی آرامکو کا کہنا ہے کہ اس کی آئل تنصیبات پر حملوں کے نتیجے میں تیل کی ملکی پیداوار میں 5.7 بیرل یومیہ کی کمی آئی ہے۔