سعودی حکام نے حج سے قبل 35 ٹن مضر صحت غذائی مواد ضبط کر کے تلف کردیا

115

جدہ۔ 2 اگست (اے پی پی) سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے گذشتہ ہفتے کے دوران 35 ٹن اور 3519 لیٹر مضر صحت غذائی مواد ضبط کر کے تلف کر دیا۔ یہ پیش رفت زمینی، فضائی اور بحری راستوں سے آنے والے حجن مشنوں اور عازمین حج کے پاس موجود غذائی اشیاء، دواو¿ں اور طبی ساز و سامان کی تلاشی اور معائنے کے نتیجہ میں سامنے آئی۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ سعودی اتھارٹی نے 7015 کے قریب فوڈ، میڈیسن اور میڈیکل آئٹمز کو کلیئر کیا جب کہ 575 آئٹمز کو مختلف وجوہات کی بنا پر کلیئر کرنے سے انکار کر دیا۔اسی سلسلے میں 16 سے 23 ذوالقعدہ کے دوران فود اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے معائنہ کاروں نے مدینہ منورہ میں غذائی مواد سے متعلق 237 مقامات کا دورہ کیا۔ اس دوران 10 تنصیبات کو بند کر دیا گیا اور 149 کلو گرام غذائی مواد تلف کر دیا گیا۔مکہ مکرمہ ریجن میں غذائی مواد سے متعلق 951 مقامات کا دورہ کیا گیا۔ اس دوران 10 تنصیبات کو بند کر دیا گیا اور 28471 کلو گرام اور 3374 لیٹر غذائی مواد کو تلف کیا گیا۔سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے معائنہ کار مکہ مکرمہ کے پانچ مرکزی داخلی راستوں پر بھی موجود ہیں تا کہ غذائی مواد کی منتقلی میں استعمال ہونے والے وسائل کا معائنہ کیا جا سکے۔ اس دوران معائنے کی 6875 کارروائیوں کے نتیجے میں 6525.5 کلو گرام اور 145 لیٹر ناقابل استعمال غذائی مواد ضبط کر کے تلف کیا گیا۔