سعودی حکام کی 70 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو عمرے کی اجازت

74
رمضان المبارک میں عمرہ کی بکنگ نسک ایپ میں دستیاب ہے،سعودی وزارت حج و عمرہ

ریاض ۔1اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے 70 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو عمرے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ 70 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو اعتمرنا یا توکلنا ایپ کے ذریعے عمرے کے اجازت نامے جاری کئے جا سکتے ہیں بشرطیکہ وہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں۔ وزارت حج و عمرہ کی جانب سے قبل ازیں کہا گیا تھا کہ 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد عمرہ نہیں کرسکتے نہ انہیں عمرہ ادا کرنے کے اجازت نامے جاری ہوں گے خواہ وہ ویکسین بھی لگوا چکے ہوں۔ تاہم حال ہی میں وزارت نے عمرہ اور مسجد الحرام میں نماز کے حوالے سے نئے زمروں کا اعلان کیا ہے۔ نئے زمروں میں 12 سال سے 18سال کے شہریوں کو ایسی صورت میں عمرے کی اجازت دے دی گئی جبکہ وہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں۔ اسی طرح 70 سال سے زیادہ عمر کے ان لوگوں کو بھی عمرے کی اجازت دے دی گئی جو ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں۔