اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے سعودی حکومت کی کاوشوں کو اجاگر کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ سعودی حکومت کے جامع انتظامات کی بدولت رواں سال حج گزشتہ سالوں کے مقابلے میں مثالی ہوگا۔
اتوار کو ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے سعودی حکومت کے حج انتظامات کو سراہتے ہوئے انہیں بہترین اور مثالی قرار دیا۔ انہوں نے عازمین حج کے آرام اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے جامع اقدامات پر روشنی ڈالی جو بغیر کسی رکاوٹ کے حج کرنے والوں کے لیے سعودی حکومت کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی مشن کی جانب سے بھی عازمین حج کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا منیٰ کے تمام کیمپ ایئر کنڈیشنڈ ہیں جو صوفے ،بستروں کے ساتھ آرام دہ ماحول اور سامان رکھنے کے لیے بھی کافی جگہ مہیا کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مدینہ منورہ کے علاقے مرکزیہ میں مسجد نبوی (ص)سے قریب ترین پاکستانی زائرین کے لیے رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔
انہوں نے حج مشن کی پوری ٹیم کی لگن کی تعریف کی اور ان پر زور دیا کہ وہ عازمین کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کریں۔ وفاقی وزیر نے پاکستانی عازمین حج کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے میں مسلسل تعاون پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا۔ نہوں نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ فریضہ حج کی محفوظ ادائیگی کیلئے سعودی حکومت کی طرف سے جاری کردہ قواعد و ضوابط اور ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
وفاقی وزیر نے عازمین حج پر زور دیا کہ پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی، امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں اور غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کے لیے دعا کریں۔
حج فلائٹ آپریشنز کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں پاکستانی عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جا رہا ہے جبکہ باقی ماندہ عازمین کو براہ راست مکہ مکرمہ پہنچایا جائے گا۔ سردار محمد یوسف نے حج مشن ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ، اللہ کے مہمانوں کو غیر معمولی خدمات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595609