سعودی سرمایہ کار گروپ کی پاکستان کے سپر نووا میں سرمایہ کاری

87
Pakistan Saudi Arabia
Pakistan Saudi Arabia

اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):سعودی عرب کے سرمایہ کار گروپ نے پاکستان کے سپر نووا میں سرمایہ کاری کردی ۔ پاکستان سافٹ ویئر ہاسز ایسوسی ایشن کے چیئرمین زوہیب خان نے سپر نووا سالوشنز کے ساتھ سعودی سرمایہ کاروں کی ایکویٹی پارٹنرشپ کا خیرمقدم کیا ہے۔

سپر نووا سالوشنز کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری میں ایک اہم سرمایہ کاری ہے اور سعودی عرب کے انوسٹرز کا پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری کی صلاحیتوں کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل اور پاکستان سافٹ ویئر ہاسز ایسوسی ایشن کی کوششیں ثمر آور ہو رہی ہیں۔پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی چیف ایگزیکٹو عائشہ موریانی نے آئی ٹی اور ٹیک سیکٹرز میں سعودی عرب کے اہم سرمایہ کار خالد سعد السبطی کا پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے پر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ان کا بھروسہ اور اعتماد عالمی سرمایہ کاروں کی پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کی طرف توجہ دلائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان کے سپر نووا سلوشنز اور بااثر سعودی سرمایہ کاروں کے ایک گروپ کے درمیان تاریخی ایکویٹی پارٹنرشپ پر دستخط کی تقریب میں سرمایہ کار سعودی عرب کے خالد سعد السبطی اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی محمد غزالی اور نعمان خان نے بھی شرکت کی ۔

سپر نووا سالوشنز پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو راشد حکیم نے کہا ہے کہ یہ سعودی سرمایہ کاری اپنی نوعیت میں منفرد ہے اور پاکستان کے سرمایہ کاری کے منظر نامے میں ایک نمایاں بہتری ہے۔ یہ سرمایہ کاری ہمیں عالمی سطح پر مواقع فراہم کرے گی۔ پاکستان کی ریجنل آئی ٹی مارکیٹ میں اسٹریٹجک موجودگی قائم ہو گی اور دوسرے سرمایہ کاروں کو مزید شراکتیں، تعاون اورجے ویزشروع کرنے کی ترغیب دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شراکت داری پاکستان کی مسابقت، ڈیجیٹل تبدیلی اورای آر پیپر عمل درآمد کی صلاحیتوں، خدمات اور برآمدات میں اضافہ کرے گی۔محمد غزالی نے اس اقدام کی حکمت عملی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سپر نووا سعودی گروپ کے سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کا ایک اہم حصہ بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب تیزی سے اپنے وژن 2030 کے اہداف کی طرف بڑھ رہا ہے اور ڈیجیٹل تبدیلیاں صنعتوں میں انقلاب برپا کرتے ہوئے ایک کلیدی ڈیویلپمنٹ عنصر کے طور پر ابھری ہیں۔ خاص طور پر گورنمنٹ سروسز اور سوشل لائف میں تزویراتی تبدیلیاں آگئی ہیں۔