سعودی سفیر کا پاکستان کی معاونت کے لیے مملکت کے عزم کا اعادہ

214

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کی معاونت کے لیے مملکت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کے فوڈ سیکیورٹی منصوبے سے پاکستان میں ہزاروں کمزور خاندانوں کو فائدہ پہنچنے گا جس سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں سفارت خانے میں شاہ سلمان انسانی امداد اور امدادی مرکز کے زیر اہتمام فوڈ سیکیورٹی اقدام کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔

سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ اپنے ملک سعودی عرب کی جانب سے برادر ملک پاکستان کو تحفے کے طور پر ایک لاکھ 47 ہزار 500 فوڈ پیکجز دینے کے لئے اس تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے باعث مسرت امر ہے۔ یہ غذائی امداد گلگت بلتستان اور آزادکشمیر سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں میں ضرورت مند افراد میں تقسیم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کنگ سلمان ریلیف کی سربراہی میں یہ اقدام عالمی سطح پر انسانی ہمدردی کی کوششوں کے لئے سعودی عرب کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکزجو دنیا بھر میں انسانی خدمات میں سب سے آگے رہا ہے

پاکستان کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ کے ایس ریلیف برادر ملک پاکستان اور اس کے عوام کے لئے بھی گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوڈ سیکیورٹی اقدام سے ہزاروں کمزور خاندانوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جس سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔