ریاض ۔15جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کی سول ایوی ایشن نے عازمین حج کو نئی ومنفرد سہولت فراہم کرنے کےلیے وزارت حج و عمرہ کے ساتھ ’’سامان کے بغیر مسافر‘ کے عنوان سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، اس سہولت کا اعلان حج کانفرنس و نمائش 2025 میں کیا گیا جہاں نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بھی موجود تھے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت حج و عمرہ اور سول ایوی ایشن کے درمیان طے پانے والے امور کا مقصد عازمین کو مملکت سے واپسی پر یہ سہولت فراہم کرنا ہے جس کے ذریعے وہ اپنا سامان ایئرپورٹ جانے سے قبل ہی متعلقہ حج آپریٹر کے نمائندے کے حوالے کردیں گے،عازمین کے رہائشی مقامات سے سامان کی ایئرپورٹ منتقلی کے تمام امور منظم انداز میں مکمل کیے جائیں گے۔
حج ٹورآپریٹر سامان وصول کرنے کے بعد اس پر ٹیگ لگانے کا ذمہ دار ہوگا جسے بعدازاں ایئرپورٹ پہنچانے کی ذمہ داری بھی ادارے کی ہوگی۔اس سہولت سے حجاج کو ایئرپورٹ پرسامان کی ہینڈلنگ کی دشواری نہیں ہو گی اور وہ آرام سے بغیر بکسوں اور اضافی سامان کے مقررہ وقت پر ایئر پورٹ پہنچ سکیں گے۔