ریاض۔8اپریل (اے پی پی):سعودی عرب میں شہریوں کی اوسط عمر 78 سال ہوگئی۔ العربیہ اردو کے مطابق سعودی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ صحت کی پالیسیاں صحت مند طرز زندگی کے قیام اور پیدل چلنے کے کلچر کو پروان چڑھانے کے لیے کام کرتی ہیں جس کے باعث سعودی شہریوں کی اوسط عمر 2016 میں 74 سال سے بڑھ کر گزشتہ سال 78 سال ہوگئی ہے۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ دیکھ بھال کی خدمات کے بہتر معیار کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبے کی تبدیلی کے پروگرام کے مقاصد میں خدمات کو بہتر بنانا بھی شامل ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق صحت کے نظام نے صحت مند طرز زندگی اور طرز عمل قائم کرنے، پیدل چلنے کے کلچر کو پھیلانے اور صحت مند روزمرہ کے طریقوں کی حوصلہ افزائی کے لیے معیاری اقدامات اور آگاہی مہم کو تیز کیا ہے۔
وزارت نے مزید کہا ہے کہ وزارت صحت کی کوششوں نے متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے صحت اور غذائیت سے متعلق اصلاحات کو نافذ کیا ہے۔ ان اصلاحات میں ہائیڈروجنیٹڈ تیل کے استعمال کو روکنا، کھانے کی اشیا میں نمک کی مقدار کو کم کرنا اور کھانے کی مصنوعات اور ریسٹورنٹس میں کیلوریز کو ظاہر کرنے کی ضرورت شامل ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579367