ریاض۔21اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کی کنگ خالد یونیورسٹی کے طلبہ نے جنیوا میں انٹرنیشنل ایگزیبیشن آف انوینشن کے 49 ویں ایڈیشن میں 2 گولڈ اور 2 سلور کے میڈلز اپنے نام کرلیے۔سبق ویب کے مطابق جنیوا میں بین الاقوامی نمائش میں دنیا بھر کے تقریبا 50 ممالک کے طلبہ شرکت کررہے ہیں۔
سعودی نائب وزیر تعلیم برائے یونیورسٹیز ریسرچ اینڈ انوویشن پروفیسر ڈاکٹر محمد بن احمد السدیری نے طلبہ کے ساتھ شرکت کی۔2 سعودی طلبہ حاصل محمد الاسمری اور نایف علی القحطانی نے گولڈ میڈل جبکہ سلور میڈلز پانچ طلبہ شیما محمد القربی، مرام عوض القحطانی، شیما حمود العسیری، ریماز فیصل الغامدی اور ریان محمد القحطانی نے حاصل کیے۔ اس نمائش میں سعودی طلبہ نے کئی منصوبوں کے حوالے سے اپنی ایجادات رکھی ہیں۔
سعودی طلبہ نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اپنے چار پراجیکٹ پیش کیے۔ ان میں سڑکوں پر ٹریفک سیفٹی کو جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بہتر بنانا، لاگت کو کم کرنے اور ماحول کے تحفظ کے لیے قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے کا منصوبہ، مصنوعی ذہانت کے ذریعے ’میجک آئی کے علاوہ ڈاکٹروں کو مریض کی حالت اور نگرانی میں مدد کے سسٹم (دی سمارٹ میڈیکل بیڈ) شامل تھے۔