ریاض ۔24دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب میں ایکسپو حج کانفرنس آئندہ سال جنوری میں ہوگی جس میں 56 ممالک کی شرکت متوقع ہے ۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے ایکسپو حج کانفرنس 9 سے 12 جنوری 2023 تک مکہ مکرمہ میں کیا جائے گا۔گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کانفرنس اور نمائش کی سرپرستی کریں گے جبکہ اس ایکسپو میں 56 ممالک کے وفود کی شرکت متوقع ہے ۔
ایکسپو حج کا مقصد حرمین شریفین کی زیارت کو آسان بنانے کے لیے دنیا بھر کے اعلیٰ ذہنوں سے مدد لینا ہے جس سے سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل ہوگی۔ایکسپو حج زائرین کے لیے دنیا بھر کے ماہرین کے افکار و خیالات سے استفادے کی بدولت آرام و راحت کی نئی راہیں کھولے گی۔
وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ اس کانفرنس کی بدولت دنیا کے کامیاب ترین تجربات سے واقفیت حاصل ہوگی۔ 200 مختلف اداروں کے ماہرین کانفرنس سے خطاب کریں گے۔توقع کی جارہی ہے کہ ایکسپو حج کے موقع پر 400 معاہدے ہوں گے۔ عالمی برادری کی جانب سے اس میں بڑی دلچسپی لی جا رہی ہے۔ اس کے 10 بڑے اجلاس ،13 مباحثے ،حج ٹاک کی میٹنگز اور 36 ورکشاپس ہوں گی۔