سعودی عرب،خادم الحرمین الشریفین کی ہدایت پر ریاستی حقوق کی خلاف ورزی کے مرتکب قیدیوں کی رہائی کےلیے کارروائی کا آغاز

88

ریاض۔10مئی (اے پی پی):خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر محکمہ پاسپورٹ نے ریاستی حقوق کی خلاف ورزی کے مرتکب قیدیوں کی رہائی کے لیے کارروائی کا آغاز کیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے نے محکمہ جیل خانہ جات کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کے حوالے سے بتایا کہ وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے شاہی فرمان پر تیزی سے عمل درآمد شروع کرتے ہوئے قیدیوں کی رہائی کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن قیدیوں کو شاہی فرمان کے تحت رہائی کا استحقاق مل رہا ہے ان کی رہائی کی کارروائی جلد از جلد کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریاستی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے قیدیوں کی رہائی کا حکم انسانی بنیادوں پر دیا ہے۔

واضح رہے کہ شاہی فرمان کے تحت صرف وہ قیدی رہا ہوں گے جو کسی نہ کسی شکل میں (سلطانی حق) یعنی ریاستی اختیارات کے خلاف تجاوز کے مرتکب ہوئے ہوں گے۔