سعودی عرب،عسیر میں غیرملکی کے قاتل مقامی شہری کو سزائے موت دے دی گئی

147
Saudi Arabia

ریاض۔9اگست (اے پی پی):سعودی عرب کے شہر عسیر میں غیرملکی کے قاتل مقامی شہری کو سزائے موت دے دی گئی۔ایس پی اے نے وزارت داخلہ کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ مقامی شہری فہد بن علی بن طالع الشھری نے یمنی شہری حسن علی قاسم طنین کے سر پر کسی سخت چیز سے وار کیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا تھا۔

سکیورٹی فورسز نے مجرم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں اقبال جرم اور شواہد کی بنیاد پر عدالت نے قصاص کا حکم صادر کیا۔ اپیل رد ہونے پر سپریم کورٹ نے بھی سابقہ عدالتی فیصلے کو برقرار رکھا۔آخر میں ایوان شاہی نے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے قاتل کو سزائے موت دے دی ۔