ریاض۔3اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کے قومی عطیہ پلیٹ فارم ’الاحسان‘ کے ذریعے عطیہ مہم کے پانچویں ایڈیشن میں ایک ارب 80 کروڑ ریال جمع کیے گئے،رمضان المبارک کے دوران 19 ملین ریال سے زائد عطیات کی وصولی ہوئی۔
الاخبار 24 کے مطابق نیشنل چیرٹی پلیٹ فارم الاحسان کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے 70 ملین ریال کا عطیہ سے کیا گیا تھا۔مملکت کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے عطیہ مہم کے پانچویں ایڈیشن کو شروع کرتے ہی تمام شہروں سے لوگوں نے احسان پلیٹ فارم کے اکائونٹ میں عطیات ارسال کرنے کا آغاز کیا،رمضان المبارک کے دوران فطرانہ وصول کرنے کے لیے بھی الاحسان پلیٹ فارم پر سہولت فراہم کی گئی تھی جس کے ذریعے امسال 2.2 ملین ریال فطرانے کی مد میں جمع ہوئے ۔
واضح رہے حکومت کی جانب سے مستحق ضرورت مندوں تک عطیات و زکوۃ کی رقم پہنچانے کے لیے الاحسان پلیٹ فارم کے پانچویں ایڈیشن کو رمضان میں لانچ کیا گیا، عطیات و زکوۃ کی وصولی کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی سسٹم بھی جاری کیا گیا۔پلیٹ فارم کے ذریعے جمع ہونے والی رقم حقیقی مستحق افراد تک پہنچائی جاتی ہے جس کے لیے سرکاری اداروں کی ٹیمیں ضرورت مندوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرکے ان کا اندراج کرتی ہیں بعدازاں انہیں عطیات ارسال کیے جاتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578006