سعودی عرب،معذوروں اور معمر افراد کو طواف میں غیر معمولی سہولت کی فراہمی

93

ریاض۔27نومبر (اے پی پی):مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی نے معذوروں اور معمر افراد کو طواف میں غیر معمولی سہولت فراہم کر دی ۔ دونوں زمروں میں شامل افراد خصوصی نظام کی بدولت 15 منٹ میں طواف مکمل کرلیتےہیں۔ سعودی اخبارکے مطابق جنرل پریذیڈنسی نے معمرافراد کو وہیل چیئرز کےلیے ذریعے طواف کرانے کے لیے 155 میٹر لمبی لائن بنا دی ہے جس پر بیک وقت 45 وہیل چیئرز چلائی جا سکتی ہیں ۔مذکورہ سہولت کی وجہ سے معمر اور بیمار افراد 10 سے 15 منٹ میں طواف مکمل کرلیتے ہیں۔ جنرل پریذیڈنسی نے معذوروں کےلیے دوسری لائن مختص کی ہے یہ 145 میٹر طویل ہے ، یہ خانہ کعبہ کے زیادہ قریب ہے ۔یہ ایسے افراد کے طواف کےلیے مختص ہے جنہیں وہیل چیئر کی ضرورت نہیں ہوتی ، اس سے 50 افراد بیک وقت کسی دشواری کے بغیر طواف کرتےہیں ۔ جنرل پر یذیڈنسی کے قافلہ سازی امور کے انچارج اسامہ الحجیلی نے بتایا کہ تمام انتظامات سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی ہدایت پر کیے گئے ہیں ۔ ان کے حکم پر معذور اور بوڑھوں کے لیے خانہ کعبہ کے اطراف خصوصی لائنیں بنائی گئی ہیں ۔ بزرگ اور معذور عمرہ زائرین نے خانہ کعبہ کے طواف میں مذکورہ سہولت کی فراہمی پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔