سعودی عرب،کمپنیاں کارکنوں کو ہاوسنگ اور ٹرانسپورٹیشن الاونس ادا کرنے کی پابند

120
Hamoud Al-Osimi
Hamoud Al-Osimi

ریاض۔16مارچ (اے پی پی):سعودی عرب میں افرادی قوت کے ماہر حمود العصیمی کا کہنا ہےوزارت افرادی قوت نے کمپنیوں کو اس بات کا پابند کیا ہے کہ وہ کارکنوں کو ہاوسنگ اور ٹرانسپورٹیشن الاونس ادا کریں ۔سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے نے بتایا کہ وزارت کا یہ اقدام مملکت میں کام کے معیار اور کارکنوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے سے عبارت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت کے قانون کا اطلاق مملکت میں تمام سعودی اور غیرسعودی کارکنوں پر ہوگا جس میں کسی قسم کی تخصیص نہیں۔سعودی عرب میں نئے لیبر قانون کی منظوری سعودی کابینہ نے 6 اگست 2024 کو جاری کی تھی۔ نئے قانون کے تحت مملکت میں غیرملکی کارکنوں کا معاہدہ ملازمت ہونا ضروری ہے جس میں معاہدے کے آغاز اور آخری تاریخ کا اندراج اہم ہوگا۔

واجبات کے حوالے سے کارکن کو رہائش اور ٹرانسپورٹ یا ان کا متبادل فراہم کرنا آجر کے ذمہ ہوگا۔علاوہ ازیں ملازمت ختم کرنے کی صورت میں آجر کو 60 روز کا نوٹس جاری کرنا ہوگا جبکہ کارکن کے مستعفی ہونے کی صورت میں 30 دن کا نوٹس کافی ہوگا۔اوور ٹائم کے حوالے سے نئی تبدیلی کے مطابق آجر کو اوورٹائم پر اضافی اجرت دینا ہو گی جو فی گھنٹہ کے حساب سے طے کی جائے گی جس میں بنیادی اجرت کا 50 فیصد اضافی شامل ہو گا۔