سعودی عرب، بلومبرگ میڈیا اور ایس آر ایم جی کا پہلا پاور پلیئرز سمٹ آئندہ ماہ جدہ میں ہو گا

86
Bloomberg Media
Bloomberg Media

جدہ ۔16فروری (اے پی پی):سعودی عرب میں پہلی مرتبہ پاور پلیئر سمٹ 7 مارچ کومنعقد کیا جائے گا۔ عرب نیوز کے مطابق بلوم برگ میڈیا اور سعودی ریسریچ اینڈ مارکیٹنگ گروپ(ایس آر ایم جی) نے جدہ یاٹ کلب میں ہونے والے اس ایونٹ کا باضابطہ اعلان کیا۔اس کے ساتھ ساتھ فارمولا ون سعودی عربین گراں پری کا مقابلہ بھی ہو گا۔اس سپورٹس ایونٹ کو بلومبرگ اور الشرق بزنس نے سپانسر کیا ہے۔یہ ایونٹ کھیلوں میں کاروبار کے مؤثر سٹیک ہولڈرز، تفریح اور ٹیکنالوجی کو ایک ساتھ جمع کرے گا جس سے مستقبل میں کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری امکانات کا اندازہ بھی لگایا جا سکے گا۔

بلومبرگ کے سپورٹس بزنس کے سربراہ جیسن کیلے کی میزبانی میں ہونے والے اس ایونٹ میں کھیلوں کے مستقبل کی نقشہ گری کرنے والے بنیادی پہلوؤں کو کھوجنے کا موقع ملے گا۔اس دوران کھیلوں میں پرائیویٹ سرمایہ کاری، فٹبال کے کھیل کی ارتقاپذیر صورت حال اور مینا ریجن میں اس کی ترقی پر بات چیت ہو گی۔ یہ ایونٹ ای سپورٹس کے شعبے میں اضافے کا باعث بنے گا۔اس سمٹ کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرنے والوں میں کھیلوں کی صنعت کے نمایاں نام شامل ہیں۔

تصدیق شدہ مقررین میں سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح، میک لارن کے سی ای او زیک براؤن، ای سپورٹس ورلڈ کپ فاؤنڈیشن کے سی ای او رالف ریشرٹ، سعودی پرو لیگ کے سی او او کارلو نوہرا، فارمولا ون اکیڈمی کی منیجنگ ڈائریکٹر سوسی وولف، نیو کیسل یونائیٹڈ ایف سی کی شریک سی ای او امانڈا سٹیویلی، ای ایس ایل فاسیٹ گروہ کے شریک سی ای او، وی ایس پی او کے بانی اور سی ای او ڈینو ینگ، ڈائریکٹر آف کرکٹ گجرات ٹائٹنز وکرم سولنکی اور سی وی سی کے سینئر منیجنگ ڈائریکٹر جیما رائٹ شامل ہیں۔

بلومبرگ میڈیا کے سی ای او کیرن سالٹسر نے کہا کہ جدہ میں بلومبرگ پاور پلیئرز کا افتتاحی اجلاس کاروبار، سرمایہ کاری، کھیل اور میڈیا کے شعبوں سے متعلق افراد کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ یہ ایونٹ سعودی عرب کے متحرک سماجی و اقتصادی منظرنامے کے پس منظر میں بامعنی گفتگو کو فروغ دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جہاں کھیلوں کو اہمیت حاصل ہو رہی ہے۔