31 C
Islamabad
پیر, مئی 5, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںسعودی عرب، جازان میں 21 ویں مینگو اینڈ ٹروپیکل فروٹس فیسٹیول بدھ...

سعودی عرب، جازان میں 21 ویں مینگو اینڈ ٹروپیکل فروٹس فیسٹیول بدھ سے شروع ہو گا

- Advertisement -

ریاض۔5مئی (اے پی پی):سعودی عرب کے علاقے جازان میں 21 ویں مینگو اینڈ ٹروپیکل فروٹس فیسٹیول کا آغاز بدھ سے صبیا گورنریٹ کے واٹر فرنٹ پر ہوگا۔ اردو نیوز کے مطابق وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کے جازان شاخ کے ڈائریکٹرمحمد العاطف نے کہا ہے کہ فیسٹول میں کاشتکار اس علاقے میں پیدا ہونے والی آم کی 60 سے زائد اقسام اور دیگر پھل نمائش میں پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول کاشتکاروں اور کاروباری افراد کے لیے اپنی فصلوں اور مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لیے ایک زبردست موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ریجن آم، انجیر، کیلا، امرود، پپیتا اور شریفہ جیسے 6 پھلوں کے 33 لاکھ 60 ہزار سے زائد درختوں کا گھر ہے۔ اس ریجن میں ہر سال ایک لاکھ 23 ہزار311 ٹن پھل پیدا ہوتے ہیں۔ گزشتہ بیس سال کے دوران اس فیسٹیول نے آم اور ٹروپیکل فروٹس کی کاشت و توسیع میں دلچسپی بڑھانے، سرمایہ کاری کرنے اور سماجی و معاشی ترقی کے فروغ کے لیے حکومتی منصوبوں کو عملی شکل دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ قومی مرکز برائے پائیدار زراعت و تحقیق جسے استدامہ کے نام سے جانا جاتا ہے، کے مطابق جازان میں آم اور ٹروپیکل فروٹس کی کاشت میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔

- Advertisement -

تحقیقاتی زرعی فارمز میں آم اور ٹروپیکل فروٹس کی 70 سے زائد اقسام جن میں امرود، پپیتا، انناس اور کیلا شامل ہیں، کاشت کی گئی ہیں اور ان کا جائزہ لیا گیا ہے۔ قومی مرکز برائے پائیدار زراعت و تحقیق کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد الروحیلی نے کہا کہ ہم زرعی شعبے کو مضبوط بنانے خاص طور پر آم اور ٹروپیکل فروٹس کی کاشت میں تحقیق اور ترقی کی اہمیت پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ جازان ریجن کے لیے ایک اہم اقتصادی اثاثہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ اقدامات مرکز کے وژن کا حصہ ہیں، جس کا مقصد کاشتکاروں کی معاونت کرنا اور جدید زرعی ٹیکنالوجی اور طریقہ کار کو فروغ دینا ہے تاکہ زرعی شعبے میں پائیدار ترقی کو ممکن بنایا جا سکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592530

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں