سعودی عرب، جدہ میں سمندری ٹیکسی کا تجرباتی افتتاح

110

ریاض ۔7مارچ (اے پی پی):سعودی عرب کے شہر جدہ کے میئر صالح الترکی نے سمندری ٹیکسی کا افتتاح کردیا۔ سبق نیوز کے مطابق سمندری ٹیکسی کے تجرباتی افتتاح کے بعد تین مرکزی روٹس کے لیے استعمال کی جاسکے گی جن میں جدہ یاٹ کلب ، جدہ تاریخیہ اور شرم ابحر بیج شامل ہیں تاہم بعدازاں اس کے روٹس میں مزید اضافہ کیا جاسکے گا۔جدہ ٹرانسپورٹ کمپنی کے سی ای او یوسف الصائغ نے سمندری ٹیکسی کے افتتاح کے بعد اخبار نویسیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں دو بوٹس فراہم کی گئی ہیں۔

جن میں سے ایک کشتی میں 94 جبکہ دوسری میں 55 افراد کی کے بیٹھنے کی گنجائش ہے علاوہ ازیں مخصوص افراد کی سہولت کے لیے داخلی اور خارجہ راستے جدا رکھے گئے ہیں۔جدہ کی سمندری ٹیکسی کے افتتاح کے موقع پر نائب وزیرنقل و لاجسٹک سروسز ڈاکٹر رمیح الرمیح بھی موجود تھے۔واضح رہے سمندری ٹیکسی رمضان المبارک کے دوران سہہ پہر 3:30 سے رات ڈیرھ بجے تک چلائی جائے گی ۔ فی کس کرایہ 25 سے 50 ریال مقرر کیا گیا ہے جبکہ بچوں کے لیے ٹکٹ مفت ہے۔