ریاض ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) سعودی عرب کی ہیلتھ انشورنس کونسل کی جانب سے مملکت آنے والے سیاحوں کے لیے میڈیکل انشورنس کی مد میں کوریج کی حد ایک لاکھ ریال مقرر کی گئی ہے۔میڈیکل انشورنس کی سہولت سیاحوں کو مملکت کے تمام شہروں میں حاصل ہو گی۔ ہیلتھ انشورنس کونسل کے ترجمان یاسر المعارک نے ایک بیان میںکہا ہے کہ طبی بیمہ پالیسی حاصل کرنے والے سیاحوں کومملکت آنے کے بعد طبی سہولتوں کی مد میں کسی قسم کی اضافی ادائیگی نہیں کرنا ہوگی۔تمام ادائیگیاں میڈیکل انشورنس کمپنی کے ذمہ ہی ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل انشورنس کمپنی اس امر کی پابند ہو گی کہ وہ سیاحوں کو مقررہ تمام طبی سہولتیں بغیر کسی اضافی رقم کے اپنے نیٹ ورک میں مہیا کریں۔ اگرمطلوبہ سہولت نیٹ ورک میں موجود طبی اداروں میں دستیاب نہیں تو وہ اس کا متبادل فراہم کرنے کے پابند ہیں جس کے تمام اخراجات کمپنی کے ذمہ ہوں گے۔واضح رہے سعودی عرب میں سیاحتی ویزوں کا اجراء رواں ماہ سے کیا گیا ہے اس ضمن میں ویزہ فیس 300 ریال مقرر کی گئی۔ سیاحتی ویزے کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی ہے جس کے بغیر ویزہ سٹیمپ نہیں ہو تا۔ میڈیکل انشورنس فیس کی مد میں 140 ریال وصول کئے جاتے ہیں جو ویزہ فیس کے ساتھ جمع کرانا لازمی ہے۔