ریاض ۔25جنوری (اے پی پی):سعودی عرب میں نیوم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نیام شہر میں ’زاردون‘ سپیشل ریزورٹ کے قیام کا اعلان کیا ہے ۔ ایس پی اے کے مطابق زاردون نیوم کا جدید ترین سی فرنٹ بنے گا۔ اس کا ڈیزائن دلکش قدرتی حسن اور عصر حاضر کی پرآسائش سہو لتوں سے آراستہ ہوگا۔
زاردون ریزورٹ خلیج عقبہ کے ساحل پر فیروزی رنگ کے پانی کے دلکش مناظر سے لطف اٹھانے کا موقع فراہم کرے گا۔ اس کے تحت چار انتہائی پرآسائش عمارتیں بنائی جائیں گی جو آس پاس کے قدرتی مناظر کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہوں گی۔ زاردون ریزورٹ سیاحوں کے لیے بہترین سیاحتی تجربات کا موقع فراہم کرنے کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔
نیوم کا نیا فرنٹ چار مربع کلو میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوگا۔ اس کے ڈیزائن میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ مقامی جانوروں اور پودوں سے مالا مال ماحول کا تنوع ہر حال میں محفوظ رہے۔ سیاح اس کے دلکش حسن سے پوری طرح سے لطف اٹھائیں۔ زاردون 3 معیاری ہوٹلوں پر مشتمل ہوگا جس میں سو کمرے ہوں گے ۔
ہر ہوٹل دوسرے سے منفرد تجربات پیش کرے گا۔ ہوٹلوں کی جانب سے تفریحاتی اور سپورٹس سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ زاردون کے ہوٹلوں میں قیام کرنے والے سیاحوں کو یوگا اور رات کے وقت ستاروں کے مناظر دیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔