سعودی عرب، پرمٹ کے بغیر موسمی پیشگوئی اور تجزیے دینے پر 5لاکھ ریال تک جرمانہ ہو گا

119

ریاض ۔29اگست (اے پی پی):سعودی عرب میں پرمٹ کے بغیر موسمی پیشگوئی اور تجزیے دینے پر 5لاکھ ریال تک جرمانہ ہو گا۔ العربیہ کے مطابق سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے موسمیات کے قانون اور لائحہ عمل پر نظرثانی کرکے مختلف خلاف ورزیوں اور سزاؤں کا چارٹ جاری کیا ہے،نئے نظام کے تحت سنگین اور معمولی نوعیت کی خلاف ورزیاں تجویز کی گئی ہیں۔

قومی مرکز نے کہا ہے کہ رائج الوقت نظام کے اس متن میں کوئی ترمیم نہیں کی گئی جس کے مطابق موسمیاتی امور سے متعلق بیان قومی سلامتی کا حصہ ہے۔، اس کی خلاف ورزی پر10 سال قید اور 20لاکھ ریال تک جرمانہ مقرر کیا گیاہے۔ ان دونوں سزاؤں میں سے کسی ایک پر اکتفا کیا جاسکتا ہے۔ نئے نظام کے تحت موسمیات کے قومی مرکز سے پرمٹ لیے بغیر موسمیات کے بارے میں کسی قسم کی سرگرمی قابل سزا عمل ہے، اس پر 5ہزار سے 5 لاکھ ریال تک کا جرمانہ کی سزا ہے۔

جرمانے کی مقدار خلاف ورزی کے دائرے اور حجم سے طے ہوگی۔علاوہ ازیں اگر خلاف ورزی کرنے والے نے موسم کے حوالے سے انتباہ جاری کیا ہو تو ایسی صورت میں اس انتباہ سے ہونے والے نقصانات کا معاوضہ بھی اس سے وصول کیا جائے گا۔ سنگین خلاف ورزیوں میں پرمٹ کے بغیر موسمیاتی امور کی سروس فراہم کرنا بھی شامل ہے۔