مکہ مکرمہ ۔ 11 مارچ (اے پی پی) سعودی حکام نے پیدل حج کرنے والوں کے لئے مشاعر مقدسہ میں ٹریفک فری راستہ بنانے کی تیاریاں شروع کردیں۔ سعودی وزارت حج و عمر ہ اس حوالے سے چوتھے مرحلے کے منصوبے آئندہ حج موسم آنے سے قبل ہی پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کوشاں ہے۔ چوتھے مرحلے کے منصوبوں میں روڈ 62 کے پل(سوق العرب) میں توسیع ہے۔ یہ میدان عرفات کے مغرب میں وادی عرنہ کے اوپر قائم کیا جارہا ہے۔ اسے پیدل چلنے والوں کے لئے مخصوص شمالی روڈ نمبر 5 سے مربوط کردیا جائے گا۔ دوسرا منصوبہ روڈ نمبر 56 کے پل (الجوہرہ) میں توسیع کا ہے۔ یہ مغربی عرفات میں وادی عرنہ کے اوپر تعمیر کیا جارہا ہے اور اسے پیدل حج کرنے والوں کیلئے مخصوص جنوبی روڈ نمبر ایک سے مربوط کیاجائے گا۔ تیسرے منصوبے کے تحت مزدلفہ میں ایک پل تعمیر ہوگا اور 4 ڈھلوان بنائی جائیں گی۔ چوتھے منصوبے کے تحت منصوبے میں ایمرجنسی روڈ میں توسیع کی جائے گی۔ یہ وضاحتی بیان حجاج و معتمرین امور کے نگران اعلیٰ اور شٹل سروس رابطہ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر بسام غلمان نے المدینہ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ یہ منصوبے حج ایام میں بس ٹریفک اور پیدل حج کرنے والوں کے حوالے سے پیش آنے والے مسائل کے فیلڈ جائزے کے تناظر میں تیار کئے گئے ہیں۔