سعودی عرب، چین اور ایران کی سہ فریقی کمیٹی کا اجلاس، فلسطین اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کا مطالبہ

107

ریاض۔20نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ انجینئر ولید بن عبدالکریم الخریجی کی زیر صدارت دارالحکومت ریاض میں بیجنگ معاہدے کے حوالے سے سعودیہ، چین اور ایران کی سہ فریقی کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہواجس میں مشترکہ طور پر فلسطین اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اسے فوری روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔

اردو نیوز کے مطابق اجلاس میں چینی وفد کی سربراہی نائب وزیرخارجہ دانگ لی جبکہ ایرانی وفد کی قیادت ڈاکٹر مجید تخت روانجی نے کی۔ اجلاس میں سعودی عرب اور ایران نے بیجنگ معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جس میں اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے چارٹر کے مطابق ریاستی خود محتاری، باہمی احترام اور بہترین ہمسا ئیگی تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوششیں جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

سعودی عرب اور ایران کی جانب سے چین کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے بیجنگ معاہدے کے نفاذ کی اہمیت کو اجاگر کیاگیا۔ چین نے بھی سعودی عرب اور ایران کی جانب سے مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کئےگئے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی اور تعاون کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا ۔

اجلاس میں سعودی و ایران کی مشترکہ میڈیا کمیٹی کے پہلے اجلاس کے انعقاد سمیت شہزادہ سعود الفیصل انسٹی ٹیوٹ فار ڈپلومیٹک سٹڈیز اور ایرانی وزارت خارجہ کے انسٹی ٹیوٹ آف پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل سٹڈیز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کیا گیا

۔ تینوں ممالک نے مشترکہ طور پر فلسطین اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اسے فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں ایران کی خودمختاری اور سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والے اسرائیل حملوں کو بھی ناقابل قبول قرار دیا گیا۔