سعودی عرب ،ریاض میں 2 روزہ گلوبل سائبر سکیورٹی فورم شروع

187

ریاض ۔2اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں 2 روزہ گلوبل سائبر سکیورٹی فورم( جی سی ایف) کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز ہو گیا ہے ۔ اردو نیوز کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی بدھ کو شروع ہونے والے فورم کا سلوگن ’’سائبر سپیس میں اجتماعی اقدامات کو بڑھانا‘‘ہے۔ فورم کا مقصد سائبر سپیس میں اہم مسائل سے نمٹنے کےلیے بین الاقوامی تعاون کو بڑھانا ہے۔اس میں فیصلہ ساز، سی ای اوز، مختلف سرکاری اور تعلیمی شعبوں کی نمائندگی کرنے والے مقررین اور 120 سے زیادہ ممالک کی معروف بین الاقوامی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں ۔

گلوبل سائبر سکیورٹی فورم، انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو)،یونسیف اور دنیا بھر کے نجی شعبے، غیر منافع بخش تنظیموں اور تعلیمی اداروں کے متعدد سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے پہلی چائلڈ پروٹیکشن ان سائبر سپیس گلوبل سمٹ کی میزبانی بھی کرے گا۔یہ سمٹ سعودی ولی عہد کی جانب سےسائبر سپیس میں بچوں کے تحفظ کے عالمی اقدامات کے اہداف سے مطابقت رکھتی ہے تاکہ فیصلہ سازوں میں بچوں کو درپیش خطرات کے بارے میں عالمی شعور کو اجاگر کیا جا سکے۔گلوبل سائبر سکیورٹی فورم ایک عالمی پلیٹ فارم ہے جو فیصلہ سازوں، حکومتی نمائندوں، کمپنیوں، سائبر سکیورٹی لیڈرز، اکیڈمیوں اور غیر سرکاری تنظیموں کو اکٹھا کرتا ہے جو بین الاقوامی سطح پر سائبر سکیورٹی کوفروغ دینے، اقتصادی اور سماجی ترقی کے حصول اور متعلقہ بین الاقوامی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے اور سپورٹ کے لیے بین الاقوامی سائبر سکیورٹی فورم فاؤنڈیشن کے سٹریٹجک مقاصد کی روشنی میں کام کرتے ہیں۔