سعودی عرب ،فلائی ناس کا مدینہ منورہ سے بحرین اور دوحہ کے لیے براہ راست پروازوں کا سلسلہ ستمبر سے شروع کرنے کا اعلان

114

ریاض۔22جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کی فضائی کمپنی’’فلائی ناس‘‘ نے مدینہ منورہ سے بحرین اور دوحہ کے لیے براہ راست پروازوں کا سلسلہ ستمبر سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق فضائی کمپنی فلائی ناس جو مشرق وسطی اور دنیا بھر کی لو بجٹ ایئرلائنز میں سے ایک ہے نے گزشتہ روز کہا ہے کہ وہ 10 ستمبر سے مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بحرین کے منامہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے ہفتے میں 3 پروازیں شروع کرے گی جبکہ مدینہ منورہ سے دوحہ کے درمیان 12 ستمبر سے ہفتہ وار 2 پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔

فلائی ناس نے اپنے سفر کا آغاز 2007 سے شروع کیا تھا اور اب تک 78 ملین سے زیادہ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرچکی ہے۔ فلائی ناس 1500 سے زیادہ ہفتہ وار پروازوں کے ذریعے 70 سے زیادہ مقامی اور بین الاقوامی مقامات سے خود کو جوڑے ہوئے ہے۔