ریاض ۔17نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کی الشرقیہ میونسپلٹی کے علاقے الخبر کورنیش میں الیکٹرک گاڑیوں کے 4 چارجنگ سٹیشنز کا افتتاح کر دیا گیا ۔ سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق الشرقیہ میونسپلٹی نے کہا کہ یہ الیکٹرک چارجنگ سٹیشنزکی پہلی کھیپ ہے ، آنے والے دنوں میں یہاں مزید سٹیشنز کھولے جائیں گے۔میونسپلٹی حکام نے بتایا کہ عوام میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے۔
حکام کے مطابق الیکٹرک چارجنگ سٹیشنز پر سٹینڈرڈ چارجنگ آلات کے ذریعے سروس فراہم کی جائے گی اور یہ آلات ماحول دوست ہوں گے۔ الیکٹرک چارجنگ سٹیشنز پر عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں صارفین کو سروس کی سہولت حاصل ہو گی۔ ایک بار گاڑی چارج کرانے کے بعد پانچ سو کلو میٹر سے زیادہ چلائی جا سکے گی۔الشرقیہ میونسپلٹی نے توجہ دلائی کہ شہر میں دیگر مقامات پر مزید چارجنگ سٹیشنز کھولنے کی تیاری جاری ہے۔