ریاض۔4دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فالکن کلب کے تحت منعقدہ فالکن میلے میں بازوں کے درمیان شکار کا مقابلہ جاری ہے۔
سعودی نشریاتی ادارے نے فالکن میلے کی انتظامیہ کے حوالے سے بتایا کہ ابتدائی راؤنڈ میں 170 بازوں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں سے 28 باز کامیاب ہوئے،ان کے درمیان فائنل راؤنڈ میں مقابلہ ہوگا۔ابتدائی راؤنڈ 4 حصوں پر مشتمل تھے جن میں باز کو شکار پر چھوڑا جاتا اور اسے 400 میٹر کی مسافت دی جاتی جس کے اندر رہتے ہوئے باز کو شکار کرنا تھا۔
واضح رہے کہ فالکن کلب کے تحت کنگ عبد العزیز فالکن میلہ ملک کا سب سے اہم اور بڑا میلہ ہے جس میں بازوں کے درمیان شکار کا مقابلہ ہوتا ہے۔ مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بازوں کے مالکان کو مجموعی طور پر 33.6 ملین ریال کے انعامات دیے جاتے ہیں۔