سعودی عرب ، سائبر سپیس میں بچوں کا تحفظ، انسانی حقوق کونسل میں متفقہ قرارداد کی تعریف

37

ریاض ۔9جولائی (اے پی پی):سعودی کابینہ کے اجلاس میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں سعودی عرب کی جانب سے پیش کردہ ’سائبرسپیس میں بچوں کے تحفظ‘ کی قرار داد کی متفقہ منظوری کو سراہا گیا۔کابینہ کا اجلاس ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت جدہ میں ہوا جس میں مختلف مقامی اور عالمی حالات زیر غور آئے۔سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اجلاس کے آغاز میں ولی عہد نے ارکین کابینہ کو انڈونیشیا کے صدر پرابوسوبیانتو سے ہونے والی ملاقات اور جرمنی کے چانسلر فریڈرش سے ٹیلی فونک رابطے سے آگاہ کیا۔

کابینہ نے سعودی،انڈونیشی سپریم کونسل کے پہلے اجلاس کے مثبت تنائج کو سراہا جس میں توانائی، پٹروکیمیکل اور ایوی ایشن فیول سمیت مختلف اقتصادی شعبوں میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔کابینہ نے تیل مارکیٹ کے استحکام کے لیے اوپیک پلس کے ساتھ تعاون کو مملکت کی موثر حکمت عملی قرار دیا۔سائبرسکیورٹی کے حوالے سے مملکت کے عالمی انڈیکس میں بدستور سرفہرست رہنے اور بین الاقوامی ٹیلی کمیونیکیشن یونین کی رپورٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں عالمی سطح پر پہلی پوزیشن پر مسرت کا اظہار کیا۔

اجلاس میں غیرملکیوں کو مملکت میں جائداد خریدنے کے قانون کی منظوری دی گئی۔ مختلف شعبوں کے حوالے سے بین الاقوامی معاہدے اور بعض امور میں مقامی سطح پر اصلاحات کی منظوری دی گئی جن میں مختلف ممالک کے ساتھ باہمی اشتراک عمل کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی منظوری دی گئی۔ کم آمدنی والے افراد کے لیے مالیاتی ضمانت پروگرام ترتیب دینے کی ہدایات جاری کی گئی۔ مختلف اعلی سرکاری عہدیداروں کے تقرر اور ترقی کے احکامات صادر کیے گئے۔