ریاض ۔12ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے سکولوں میں چینی زبان کی کلاسز کا آغاز کردیا گیا۔ عرب نیوز کے مطابق چینی زبان کی تعلیم کا آغاز پرائمری اور مڈل کلاسز کے طلباء سے کیا جا رہا ہے جو ایشیائی قوم کی ثقافت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے تعلیمی معاہدے کے مطابق مملکت میں 175 ماہرین تعلیم چین کی مخصوص زبان ’مینڈرین‘ کی تعلیم دے رہے ہیں۔
سعودی وزارت تعلیم کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مملکت کے نوجوان طلباء چین کی ممتاز یونیورسٹیوں میں ملازمتیں تلاش کرنے یا تعلیم حاصل کرنے کے مواقع کو مزید بہتر بنائیں گے۔ریاض میں رہنے والی سعودی خاتون حنان الحربی نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ’ عالمی ثقافت کو فروغ دینے اور خاص طور پر چینی اساتذہ کی زیرنگرانی طلباء کو نئی اور مفید زبان کی مہارت فراہم کرنے کی طرف وزارت کا یہ مثبت اور اہم قدم ہے۔
عالمی معیشت میں چین کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو وزارت تعلیم کے اس فیصلے سے مزید فروغ ملے گا۔تیانجن میں رہنے والی چینی خاتوان تاؤتاو وانگ کا کہنا ہے ’ہم اسے مثبت پیش رفت سمجھتے ہیں اور ہمارے لیے اس اقدام کا مطلب چینی تہذیب کی ثقافتی حیثیت کو اپنی سرحدوں سے باہر بانٹنا ہے۔یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان موثر رابطے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں مددگار ثابت ہو گا اور ثقافتی تبادلہ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کے لیے اہم قدم ثابت ہوگا۔