سعودی عرب ، ماہ مقدس کے دوران حرمین شریفین میں عمرہ زائرین کے لیے ڈیجیٹل خدمات میں اضافہ

142
Data and Artificial Intelligence Authority
Data and Artificial Intelligence Authority

ریاض ۔13مارچ (اے پی پی):سعودی عرب کی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی نے رمضان المبارک کے دوران عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل خدمات کے لیے سرکاری اداروں کی معاونت میں اضافہ کر دیا ہے۔ ایس پی اے کے مطابق ماہ مقدس کے دوران حرمین شریفین میں زائرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے،خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کے مطابق سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی نے ملک میں داخلے کے تمام مقامات فضائی، بحری اور زمینی سرحدوں پر متعلقہ حکام کے ساتھ تکنیکی ٹیم تعینات کی ہے جو چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہے۔

اتھارٹی نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں خدمات کو بہتر بنانے کے لیے وزارت داخلہ کی حج و عمرہ سکیورٹی کی سپیشل فورسز کے ساتھ ایک سٹریٹجک شراکت داری بھی قائم کی ہے۔ اتھارٹی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور وزارت داخلہ کے ساتھ مل کر جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے آئی سے منسلک 70 جدید الیکٹرانک داخلی دروازے نصب کیے ہیں جو عمرہ زائرین اور دیگر مسافروں کے داخلے کے عمل کو تیز اور آسان بنانے کے ساتھ سکیورٹی اور سہولت دونوں کو یقینی بناتے ہیں جس سے زائرین کو مجموعی طور پر بہتر خدمات مہیا کی جا رہی ہیں۔