سعودی عرب ، نسک پلیٹ فارم پر مسجد نبوی ریاض الجنہ کے پرمٹ کے لیے نیا آپشن متعارف

110
Saudi Ministry of Hajj and Umrah
Saudi Ministry of Hajj and Umrah

ریاض ۔28جنوری (اے پی پی):سعودی وزارت حج وعمرہ نے زائرین کی سہولت کے لیے نسک پلیٹ فارم پر مسجد نبوی ریاض الجنہ پرمٹ کے لیے ایک اور نیا آپشن متعارف کرایا ہے۔زیارت کے لیے اپائنٹمنٹ نہ ملنے پر ویٹ لسٹ آپشن کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ایس پی اےکے مطابق وزارت حج و عمرہ نے مسجد نبوی آنے والےایسے زائرین جو مسجد کی حدود میں ہوتے ہوئے نسک یا توکلنا پلیٹ فارم کے ذریعے ریاض الجنہ کے لیے پرمٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں مزید سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔

قبل ازیں نسک پلیٹ فارم کے ذریعے فوری پرمٹ حاصل کرنے کا آغاز کیا گیا تھا تاہم اب اس میں مزید اضافہ کرتے ہوئے ’ویٹنگ‘ کے آپشن کا اضافہ کیا گیا ہے۔ویٹنگ کے آپشن کا انتخاب کرنے سے یہ سہولت ہو گی کہ سسٹم میں جیسے ہی سلاٹ دستیاب ہوگا ویٹنگ لسٹ میں رجسٹر زائر کو پرمٹ جاری کردیا جائے گا۔اس سے قبل نسک پلیٹ فارم پر فوری اپائنمنٹ کے فیچرکا اضافہ کیا گیا جو زائرین کو سال بھر روضہ شریفہ کی زیارت کی اجازت دیتا ہے جب تک وہ مسجد نبوی کے قریب اور اس کی حدود میں ہوں۔

مسجد نبوی کے قرب و جوار میں موجود افراد جتنی بار چاہیں 20 منٹ میں زیارت کے لیے نسک یا توکلنا ایپ سے اپائنٹمنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔یاد رہے وزارت حج وعمرہ نے گزشتہ برس روضہ شریفہ کی زیارت کے لیے سال میں ایک بار پرمٹ کی شرط عائد کی تھی۔ روضہ الشریفہ کی زیارت کےلیے پرمٹ کا مقصد ازدحام پرقابو پانا اور زائرین کو آرام سے زیارت کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ زائرین منظم انداز میں زیارت کرسکیں ۔