ریاض ۔20مئی (اے پی پی):سعودی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ جو افراد حج کے مقررہ ضوابط اور ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وزٹ ویزے پر آنے والوں کو مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات تک پہنچانے کی کوشش کریں گے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
العربیہ کے مطابق وزارت داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی شخص کی فوری طور پر مجاز حکام کو اطلاع دیں جو حج کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے زائرین کو منتقل کر رہا ہو یا اس کا ارادہ رکھتا ہو۔ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی علاقوں میں اس مقصد کے لیے ہنگامی رابطہ نمبر 911 جاری کیا گیا ہے جبکہ مملکت کے باقی علاقوں میں "999” نمبر پر شکایت یا اطلاع دی جاسکتی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ ایسے افراد پر ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا جو وزٹ ویزہ رکھنے والوں کو مکہ مکرمہ یا دیگر مقدس مقامات تک لے جانے کی کوشش کریں گے۔ یہ پابندی یکم ذوالقعدہ سے لے کر 14 ذوالحجہ تک نافذ رہے گی۔وزارت داخلہ کے مطابق اگر کوئی زمینی ٹرانسپورٹ استعمال کی گئی ہو تو اسے بھی ضبط کر لیا جائے گا،
خواہ زائر کسی بھی قسم کے ویزے پر کیوں نہ آیا ہو۔ وزارت نے ایک بار پھر شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ حج سے متعلق تمام ضوابط اور ہدایات کی مکمل پاسداری کریں تاکہ عازمین حج کو امن و سکون کے ساتھ اپنے مناسک ادا کرنے کا موقع میسر آ سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599181