ریاض۔16مارچ (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت ماحولیات وزراعت نے کہا ہے کہ سعودی عرب انگور کی پیداوار میں 66 فیصد تک خود کفیل ہو گیا ہے۔ ایس پی اے کے مطابق وزارت کی جانب سے ’ہمارا دسترخوان ہماری زمین سے‘ کے عنوان سے شروع کی جانے والی مہم میں انگور کی کاشت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں 7.1 ملین انگور کی بیلیوں سے 6.2 ملین بیلیں پیداوار دیتی ہیں جو مملکت کی ضرورت کو کافی حد تک پورا کرنے کے لیے ہیں۔
وزارت نے کہا کہ مقامی سطح پر پیدا ہونے والے انگور معیار کے حساب سے مقامی مارکیٹ میں صارفین کے ذوق کے مطابق ہیں۔دیگراقسام کی کاشت کے حوالے سے وزارت نے کہا مارکیٹ کی طلب کے مطابق انگوروں کی مزید اقسام کی کاشت کے لیے کاشت کاروں کو ترغیب دی جائے گی۔مقامی انگور میں ارلی سویٹ، کرمسن سیڈ لیس اور فیلم سیڈ لیس گرپس شامل ہیں ۔
علاوہ ازیں اس وقت طائف کے انگور ، لبنانی انگور اور میٹھے انگوروں کی اقسام کی کاشت کی جارہی ہے۔ کاشت کاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے بھی متعارف کرایا جارہا ہے جس میں پانی کی کم سے کم ضرورت ہوتی ہے تاکہ پیداوار میں اضافہ کیا جاسکے۔