واشنگٹن۔15ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کہناہے کہ سعودی عرب اور ایران مذاکرات سے خطے میں کشیدگی کم ہوگی۔ عرب ذرائع ابلاغ سے گفتگو کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے حکام کے درمیان جاری مذاکرات کی بدولت خلیجی خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان شروع ہونے والے مذاکرات سمیت خطے میں بات چیت کے دیگر مواقع رنگ لائیں گے اور خلیجی خطے میں کشیدگی کم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ سعودی عرب، یو اے ای اور پوری خلیجی تعاون کونسل اپنے پڑوس میں قیام امن کے لیے متحرک ادا کرے گی کیونکہ شام، لیبیا، یمن اور دوسرے ممالک ان کے قریب واقع ہیں۔
انہوں نے کہاکہ شام، لیبیا اور یمن کے عوام پہلے ہی بہت زیادہ مسائل کا سامنا کر چکے ہیں اور میں سب س اپیل کرتا ہوں کہ مل کر مسائل کو حل کریں۔ اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ وسیع پیداوار کی صلاحیت رکھنے والے جی سی سی ممالک دنیا میں توانائی کے بحران کے خاتمے میں کردار ادا کریں گے۔